خطبہ 22: قتل عثمان کا الزام عائد کرنے والوں کے بارے میں

نہج البلاغہ — خطبات

ایپ میں یہ دعا/باب کھولیں

عبارت 22002

(٢٢) وَ مِنْ خُطْبَةٍ لَّهٗ عَلَیْهِ السَّلَامُ

عبارت 22003

نہج البلاغہ خطبہ 22

عبارت 22004

اَلَا وَ اِنَّ الشَّیْطٰنَ قَدْ ذَمَرَ حِزْبَهٗ، وَ اسْتَجْلَبَ جَلَبَهٗ، لِیَعُوْدَ الْجَوْرُ اِلٰۤى اَوْطَانِهٖ، وَ یَرْجِـعَ الْبَاطِلُ اِلٰى نِصَابِهٖ، وَاللهِ مَاۤ اَنْكَرُوْا عَلَیَّ مُنْكَرًا، وَ لَا جَعَلُوْا بَیْنِیْ وَ بَیْنَهُمْ نَصِفًا. وَ اِنَّهُمْ لَیَطْلُبُوْنَ حَقًّا هُمْ تَرَكُوْهُ، وَ دَمًا هُمْ سَفَكُوْهُ، فَلَئِنْ كُنْتُ شَرِیْكَهُمْ فِیْهِ فَاِنَّ لَهُمْ لَنَصِیْبَهُمْ مِنْهُ، وَ لَئِنْ كَانُوْا وَلُوْهُ دُوْنِیْ، فَمَا التَّبِعَةُ اِلَّا عِنْدَهُمْ، وَ اِنَّ اَعْظَمَ حُجَّتِهِمْ لَعَلٰۤى اَنْفُسِهِمْ، یَرْتَضِعُوْنَ اُمًّا قَدْ فَطَمَتْ، وَ یُحْیُوْنَ بِدْعَةً قَدْ اُمِیْتَتْ.

عبارت 22005

معلوم ہونا چاہیے کہ شیطان نے اپنے گروہ کو بھڑکانا شروع کر دیا اور اپنی فوجیں فراہم کر لی ہیں تاکہ ظلم اپنی انتہا کی حد تک اور باطل اپنے مقام پر پلٹ آئے۔ خدا کی قسم! انہوں نے مجھ پر کوئی سچا الزام نہیں لگایا اور نہ انہوں نے میرے اور اپنے درمیان انصاف برتا۔ وہ مجھ سے اس حق کا مطالبہ کرتے ہیں جسے خود ہی انہوں نے چھوڑ دیا اور اس خون کا عوض چاہتے ہیں جسے انہوں نے خود بہایا ہے۔ اب اگر اس میں مَیں ان کا شریک تھا تو پھر اس میں ان کا بھی تو حصہ نکلتا ہے اور اگر وہی اس کے مرتکب ہوئے ہیں، مَیں نہیں تو پھر اس کی سزا بھی صرف انہی کو بھگتنا چاہیے۔ جو سب سے بڑی دلیل وہ میرے خلاف پیش کریں گے وہ انہی کے خلاف پڑے گی۔ وہ اس ماں کا دودھ پینا چاہتے ہیں جس کا دودھ منقطع ہو چکا ہے اور مری ہوئی بدعت کو پھر سے زندہ کرنا چاہتے ہیں۔

عبارت 22006

یَا خَیْبَةَ الدَّاعِیْ! مَنْ دَعَا وَ اِلَامَ اُجِیْبَ! وَ اِنِّیْ لَرَاضٍۭ بِحُجَّةِ اللهِ عَلَیْهِمْ وَ عِلْمِهٖ فِیْهِمْ. فَاِنْ اَبَوْا اَعْطَیْتُهُمْ حَدَّ السَّیْفِ، وَ كَفٰى بِهٖ شَافِیًا مِّنَ الْبَاطِلِ، وَ نَاصِرًا لِّلْحَقِّ وَ مِنَ الْعَجَبِ بَعْثُهُمْ اِلَیَّ اَنْ اَبْرُزَ لِلطِّعَانِ! وَ اَنْ اَصْبِرَ لِلْجِلَادِ! هَبِلَتْهُمُ الْهَبُوْلُ، لَقَدْ كُنْتُ وَ مَاۤ اُهَدَّدُ بِالْحَرْبِ، وَ لَاۤ اُرَهَّبُ بِالضَّرْبِ، وَ اِنِّیْ لَعَلٰى یَقِیْنٍ مِّنْ رَّبِّیْ، وَ غَیْرِ شُبْهَةٍ مِّنْ دِیْنِیْ.

عبارت 22007

اُف کتنا نامراد یہ (جنگ کیلئے) پکارنے والا ہے۔ یہ ہے کون جو للکارنے والا ہے اور کس مقصد کیلئے اس کی بات کو سنا جا رہا ہے اور میں تو اس سے خوش ہوں کہ ان پر اللہ کی حجت تمام ہو چکی ہے اور ہر چیز اس کے علم میں ہے۔ اگر ان لوگوں نے اطاعت سے انکار کیا تو میں تلوار کی باڑ ان کے سامنے رکھ دوں گا جو باطل سے شفا دینے اور حق کی نصرت کیلئے کافی ہے۔ حیرت ہے کہ وہ مجھے یہ پیغام بھیجتے ہیں کہ میں نیزہ زنی کیلئے میدان میں اتر آؤں اور تلواروں کی جنگ کیلئے جمنے پر تیار رہوں۔ رونے والیاں ان کے غم میں روئیں! مَیں تو ہمیشہ ایسا رہا کہ جنگ سے مجھے دھمکایا نہیں جا سکا اور شمشیر زنی سے خوفزدہ نہیں کیا جا سکا اور میں اپنے پروردگار کی طرف سے یقین کے درجہ پر فائز ہوں اور اپنے دین کی حقانیت میں مجھے کوئی شک نہیں ہے۔ [۱]

عبارت 22008

۱؂ جب امیرالمومنین علیہ السلام پر قتلِ عثمان کی تہمت لگائی گئی تو اس غلط الزام کی تردید میں یہ خطبہ ارشاد فرمایا جس میں الزام رکھنے والوں کے متعلق فرماتے ہیں کہ: یہ انتقام کی رٹ لگانے والے یہ تو کہہ نہیں سکتے کہ تنہا میں ہی قاتل ہوں اور اس میں اور کوئی شریک نہ تھا اور نہ یہ کہہ کر سامنے کے واقعات کو جھٹلا سکتے ہیں کہ وہ خود اس سے بے تعلق تھے، تو پھر اس انتقام کیلئے مجھے ہی کیوں آگے دھر لیا ہے۔ میرے ساتھ اپنے کو بھی شریک کریں اور اگر میں اس سے بری الذمہ ہوں تو وہ تو خود اپنی برائت ثابت نہیں کر سکتے، لہٰذا اس پاداش سے اپنے کو کیوں الگ کرتے ہیں۔ حقیقت امر یہ ہے کہ مجھے موردِ الزام ٹھہرانے سے ان کا مقصد یہ ہے کہ میں ان سے وُہی روش اختیار کروں جس کے یہ عادی رہ چکے ہیں، لیکن ان کو مجھ سے یہ توقع نہ رکھنا چاہیے کہ میں سابقہ دور کی بدعتوں کو پھر سے زندہ کروں۔ رہا جنگ کا سوال تو میں نہ اس سے کبھی ڈرا ہوں اور نہ اب خائف ہوں۔ میری نیت کو اللہ جانتا ہے اور وہ یہ بھی جانتا ہے کہ یہ انتقام کا سہارا لے کر کھڑے ہونے والے ہی ان کے خون سے ہاتھ رنگنے والے ہیں۔

عبارت 22009

چنانچہ تاریخ اس سے ہمنوا ہے کہ جن لوگوں نے اشتعال دلا کر ان کی موت کا سر و سامان کیا تھا اور جنازہ پر پتھر برسوا کر مسلمانوں کے قبرستان میں دفن ہونے تک سے مانع ہوئے تھے وہ وہی لوگ تھے جو ان کے خون کا بدلہ لینے کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے تھے۔ اس سلسلہ میں طلحہ ابنِ عبید اللہ، زبیر ابنِ عوام اور اُمّ المومنین عائشہ کا نام سرِ فہرست نظر آتا ہے اور دونوں موقعوں پر ان کی کوششیں نمایاں ہو کر سامنے آتی ہیں۔

عبارت 22010

چنانچہ ابن ابی الحدید لکھتے ہیں:

عبارت 22011

رَوَى النَّاسُ الَّذِيْنَ صَنَّفُوْا فِیْ وَاقِعَةِ الدَّارِ اَنَّ طَلْحَةَ كَانَ يَوْمَ قَتْلِ عُثْمَانَ مُقْنِعًۢا بِثَوْبٍ قَدِ اسْتَتَرَ بِهٖ عَنْ اَعْيُنِ النَّاسِ يَرْمِی الدَّارَ بِالسِّهَامِ‏.

عبارت 22012

جن لوگوں نے قتلِ عثمان کے سلسلے میں واقعات تحریر کئے ہیں، وہ بیان کرتے ہیں کہ ان کے قتل کے دن طلحہ کی یہ حالت تھی کہ وہ لوگوں کی نظروں سے بچنے کیلئے چہرے پر نقاب ڈالے ہوئے حضرت عثمان کے گھر پر تیر بارانی کر رہے تھے۔

عبارت 22013

اور اس سلسلہ میں زبیر کے خیالات کے متعلق تحریر کرتے ہیں کہ:

عبارت 22014

وَ رَوَوْا اَيْضًا اَنَّ الزُّبَيْرَ كَانَ يَقُوْلُ: اقْتُلُوْهُ فَقَدْ بَدَّلَ دِيْنَكُمْ، فَقَالُوْا: اِنَّ ابْنَكَ يُحَامِیْ عَنْهُ بِالْبَابِ؟ فَقَالَ: مَاۤ اَكْرَهُ اَنْ يُّقْتَلَ عُثْمَانُ وَ لَوْ بُدِئَ بِابْنِيْ، اِنَّ عُثْمَانَ لَجِيْفَةٌ عَلَى الصِّرَاطِ غَدًا.

عبارت 22015

مورّخین نے یہ بھی بیان کیا ہے کہ زبیر یہ کہتے تھے کہ: عثمان کو قتل کر دو، اس نے تمہارا دین ہی بدل ڈالا ہے۔ لوگوں نے کہا کہ آپ کا بیٹا تو ان کے دروازے پر کھڑا ہوا ان کی حفاظت کر رہا ہے؟ آپ نے کہا کہ: خواہ میرا بیٹا ہی پہلے کام آ جائے، مگر عثمان قتل کر دیا جائے، یہ تو کل پل صراط پر مردار کی صورت میں پڑا ہو گا۔ (شرح ابن ابی الحدید، ج۲، ص۴۰۴)

عبارت 22016

اور اُمّ المومنین کے متعلق ابن عبد ربہ لکھتے ہیں کہ:

عبارت 22017

دَخَلَ الْمُغِيْرَةُ بْنُ شُعْبَةَ عَلٰى عَآئِشَةَ فَقَالَتْ: يَاۤ اَبَا عَبْدِ اللهِ! لَوْ رَاَيْتَنِیْ يَوْمَ الْجَمَلِ قَدْ نَفَذَتْ النِّصَالُ هَوْدَجِیْ حَتّٰی وَصَلَ بَعْضُهَا اِلٰى جِلْدِیْ! قَالَ لَهَا الْمُغِيْرَةُ: وَدِدْتُّ وَاللهِ! اَنَّ بَعْضَهَا كَانَ قَتَلَكِ! قَالَتْ يَرْحَمُكَ اللهُ! وَ لِمَ تَقُوْلُ هٰذَا؟ قَالَ: لَعَلَّهَا تَكُوْنُ كَفَّارَةٌ فِیْ سَعْيِكِ عَلٰى عُثْمَانَ.

عبارت 22018

مغیرہ ابنِ شعبہ حضرت عائشہ کے پاس آیا تو آپ نے فرمایا: اے ابو عبد اللہ! کاش تم جمل کے موقعہ پر میری حالت دیکھتے کہ کس طرح تیر میرے ہودج کو چیرتے ہوئے نکل رہے تھے، یہاں تک کہ کچھ تو میرے جسم سے ٹکرا جاتے تھے۔ مغیرہ نے کہا کہ: خدا کی قسم! میں تویہ چاہتا تھا کہ ان میں سے ایک آدھ تیر آپ کا خاتمہ کر دیتا۔ آپ نے کہا کہ: خدا تمہارا بھلا کرے یہ کیسی بات کہہ رہے ہو؟ اس نے کہا کہ: یہ اس لئے کہ حضرت عثمان کے خلاف جو آپ نے تگ و دو کی تھی اس کا کچھ تو کفارہ ہو جاتا۔ (عقد الفرید، ج۳، ص۸۷) ↑