خطبہ 11: محمد بن حنفیہ کو آداب حرب کی تعلیم

نہج البلاغہ — خطبات

ایپ میں یہ دعا/باب کھولیں

عبارت 11002

(۱۱) وَ مِنْ كَلَامٍ لَّهٗ عَلَیْهِ السَّلَامُ

عبارت 11003

لِابْنِهٖ مُحَمَّدِ بْنِ الْحَنَفِيِّةِ لَمَّاۤ اَعْطَاهُ الرَّايَةَ يَوْمَ الْجَمَلِ:

عبارت 11004

جب جنگ جمل میں عَلم اپنے فرزند محمد بن حنفیہ [۱] کو دیا تو ان سے فرمایا:

عبارت 11005

تَزُوْلُ الْجِبَالُ وَ لَا تَزُلْ، عَضَّ عَلٰى نَاجِذِكَ، اَعِرِ اللهَ جُمْجُمَتَكَ، تِدْ فِی الْاَرْضِ قَدَمَكَ، اِرْمِ بِبَصَرِكَ اَقْصَى الْقَوْمِ، وَ غُضَّ بَصَرَكَ، وَ اعْلَمْ اَنَّ النَّصْرَ مِنْ عِنْدِ اللهِ سُبْحَانَهٗ.

عبارت 11006

پہاڑ اپنی جگہ چھوڑ دیں مگر تم اپنی جگہ سے نہ ہٹنا، اپنے دانتوں کو بھینچ لینا، اپنا کاسۂ سر اللہ کو عاریت دے دینا، اپنے قدم زمین میں گاڑ دینا، لشکر کی آخری صفوں پر اپنی نظر رکھنا اور (دشمن کی کثرت و طاقت سے) آنکھوں کو بند کر لینا اور یقین رکھنا کہ مدد خدا ہی کی طرف سے ہوتی ہے۔ [۲]

عبارت 11007

۱؂ محمد بن حنفیہ

عبارت 11008

’’محمد ابن حنفیہ‘‘ امیر المومنین علیہ السلام کے صاحبزادے تھے اور مادری نسبت سے انہیں ’’ابن حنفیہ‘‘ کہا جاتا ہے۔ ان کی والدہ گرامی کا نام ’’خولہ بنت جعفر‘‘ تھا جو قبیلہ بنی حنیفہ کی نسبت سے ’’حنفیہ‘‘ کے لقب سے یاد کی جاتی تھیں۔ جب اہل یمامہ کو زکوٰة کے روک لینے پر مرتد قرار دے کر قتل و غارت کیا گیا اور ان کی عورتوں کو کنیزوں کی صورت میں مدینہ لایا گیا تو ان کے ساتھ آپ بھی وارد مدینہ ہوئیں۔ جب ان کے قبیلہ والے اس پر مطلع ہوئے تو وہ امیر المومنینؑ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور ان سے خواہش کی کہ وہ انہیں کنیزی کے داغ سے بچا کر ان کی خاندانی عزت و شرافت کو بچائیں۔ چنانچہ حضرتؑ نے انہیں خرید کر آزاد کر دیا اور بعد میں ان سے عقد کیا اور ’’محمد‘‘ کی ولادت ہوئی۔

عبارت 11009

بیشتر مؤرخین نے ان کی کنیت ’’ابو القاسم‘‘ تحریر کی ہے۔چنانچہ صاحبِ استیعاب نے ابو راشد ابن حفص زہری کا یہ قول نقل کیا ہے کہ:

عبارت 11010

میں نے صحابہ زادوں میں سے چار ایسے افراد دیکھے ہیں جن میں سے ہر ایک کا نام محمد اور کنیت ابو القاسم تھی:

عبارت 11011

(۱) محمد ابنِ حنفیہ، (۲) محمد ابنِ ابو بکر، (۳)محمد ابنِ طلحہ، (۴) محمد ابنِ سعد‘‘۔

عبارت 11012

اس کے بعد تحریر ہے کہ:

عبارت 11013

’’محمد ابنِ طلحہ‘‘ کا نام اور کنیت پیغمبر ﷺ نے رکھی تھی۔ [۱]

عبارت 11014

اور واقدی نے لکھا ہے کہ: محمد ابنِ ابی بکر کا نام اور کنیت حضرت عائشہ نے تجویز کی تھی۔ [۲]

عبارت 11015

بظاہر پیغمبر اکرم ﷺ کا محمد ابنِ طلحہ کیلئے اس نام اور کنیت کو جمع کر دینا درست نہیں معلوم ہوتا، کیونکہ بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ پیغمبر ﷺ نے اس کو امیر المومنین علیہ السلام کے ایک فرزند کیلئے مخصوص کر دیا تھا اور ’’وہ محمد ابنِ حنفیہ‘‘ تھے۔ چنانچہ ابنِ خلکان نے محمد ابنِ حنفیہ کے حالات کے ضمن میں لکھا ہے:

عبارت 11016

وَ اَمَّا كُنْيَتُهٗ بِاَبِی الْقَاسِمِ فَيُقَالُ: اِنَّهَا رُخْصَةٌ مِّنْ رَّسُوْلِ اللهِ ﷺ، وَ اِنَّهٗ قَالَ لِعَلِیٍّ رَّضِیَ اللهُ عَنْهُ: سَيُوْلَدُ لَكَ بَعْدِیْ غُلَامٌ وَّ قَدْ نَحَلْتُهُ اسْمِیْ وَ كُنْيَتِیْ وَ لَا تَحُلُّ لِاَحَدٍ مِنْ اُمَّتِیْ بَعْدَهٗ.

عبارت 11017

لیکن ان کی کنیت ابو القاسم اس بنا پر تھی جو کہا جاتا ہے کہ: یہ رسول اللہ ﷺ کی خصوصی اجازت تھی کہ آپؐ نے علی ابنِ ابی طالب علیہ السلام سے فرمایا کہ: میرے بعد تمہارے ہاں ایک لڑکا پیدا ہو گا، میں نے اسے اپنا نام اور اپنی کنیت عطا کی ہے اور اس کے بعد میری اُمت میں سے کسی کیلئے اس کنیت اور نام کو جمع کرنا جائز نہ ہو گا۔ (وفیات الاعیان، ج۱، ص۴۴۹)

عبارت 11018

اس قول کے پیش نظر کیونکر یہ صحیح سمجھا جا سکتا ہے کہ پیغمبر ﷺ نے اس نام اور کنیت کو کسی اور کیلئے بھی جمع کر دیا ہو گا،جب کہ خصوصی اجازت کے معنی ہی یہ ہوتے ہیں کہ کوئی دوسرا اس میں شریک نہ ہو اور پھر بعض لوگوں نے ’’ابن طلحہ‘‘ کی کنیت ’’ابوالقاسم‘‘ کے بجائے ’’ابو سلیمان‘‘ تحریر کی ہے جس سے ہمارے مسلک کو مزید تائید حاصل ہوتی ہے۔ یوں ہی محمد ابنِ ابی بکر کی کنیت اگر اس بنا پر تھی کہ ان کے بیٹے کا نام قاسم تھا جو فقہائے مدینہ میں سے تھے تو حضرت عائشہ کے یہ کنیت تجویز کرنے کے کیا معنی؟ اور اگر نام کے ساتھ ہی کنیت تجویز کر دی تھی تو بعد میں محمد بن ابی بکر نے اس چیز کو کیونکر گوارا کر لیا ہوگا، جب کہ امیر المومنین علیہ السلام کے زیرِ سایہ پرورش پانے کی وجہ سے پیغمبر ﷺ کا یہ ارشاد ان سے مخفی نہیں رہ سکتا تھا اور پھر یہ کہ اکثر لوگوں نے ان کی کنیت ’’ابو عبد الرحمن‘‘ لکھی ہے جس سے ابو راشد کے قول کو ضعف پہنچتا ہے۔

عبارت 11019

ان لوگوں کی کنیت کا ابو القاسم ہونا تو درکنار خود ابن حنفیہ کی بھی یہ کنیت ثابت نہیں ہے۔ اگرچہ ابن خلکان نے امیر المومنین علیہ السلام کے اس فرزند سے کہ جس کیلئے پیغمبر ﷺ نے یہ خصوصیت قرار دی ہے محمد ابن حنفیہ ہی کو مراد لیا ہے، مگر علامہ مامقانی تحریر کرتے ہیں کہ:

عبارت 11020

ھٰذَا التَّطْبِیْقُ مِنِ ابْنِ خَلَکَانَ اشْتِبَاہٌ، وَ اِنَّمَا الْمُرَادُ بِالذَّكَرِ الَّذِىْ يُوْلَدُ لِعَلِىٍّ ؑ وَ لَا یَحِلُّ لِغَیْرِہِ الْجَمْعُ بَیْنَ اسْمِہٖ و کُنْیَتِہٖ ﷺ، ھُوَ الْحُجَّۃُ الْمُنْتَظَرُ اَرْوَاحُنَا فِدَاہُ دَوْنَ مُحَمَّدِ ابْنِ الْحَنَفِیَّۃِ، وَ کَوْنُ مُحَمَّدِ ابْنِ الْحَنَفِیَّۃِ اَبَا الْقَاسِمِ غَيْرُ مُسَلَّمٍ، وَ اِنَّمَا ذَكَرَهٗ بَعْضُ الْعَامَّةِ غَفْلَةً عَنِ الْمُرَادِ بِالْوَلَدِ الْمَذْكُوْرِ فِی النَّبَوِیِّ ﷺ.

عبارت 11021

اس حدیث کو محمد ابن حنفیہ پر منطبق کرنے میں ابنِ خلکان کو اشتباہ ہوا ہے، کیونکہ امیر المومنین علیہ السلام کے اس فرزند سے مراد کہ جس کے علاوہ کسی اور کیلئے نام اور کنیت کو جمع کرنا جائز نہیں ہے، وہ حضرت حجت (ارواحنا فداہ) ہیں نہ محمد ابن حنفیہ اور نہ ان کی کنیت ابوالقاسم ثابت ہے، بلکہ اہل سنت نے مرادِ پیغمبرؐ سے غافل رہنے کی بنا پر اس سے محمد ابن حنفیہ کو مراد لے لیا ہے۔ [۳]

عبارت 11022

بہر حال محمد ابن حنفیہ صلاح و تقویٰ میں نمایاں، زہد و عبادت میں ممتاز، علم و فضل میں بلند مرتبہ اور باپ کی شجاعت کے ورثہ دار تھے۔ جمل و صفین میں ان کے کارناموں نے ان کی شجاعت و بے جگری کی ایسی دھاک عرب پر بٹھا دی تھی کہ اچھے اچھے شاہ زور آپ کے نام سے کانپ اٹھتے تھے اور امیر المومنین علیہ السلام کو بھی ان کی ہمت و شجاعت پر ناز تھا اور ہمیشہ معرکوں میں انہیں آگے آگے رکھتے تھے۔

عبارت 11023

چنانچہ شیخ بہائی علیہ الرحمہ نے کشکول میں تحریر کیا ہے کہ:

عبارت 11024

علی ابن ابی طالب علیہ السلام انہیں جنگوں میں پیش پیش رکھتے تھے اور حسن و حسین علیہما السلام کو معرکوں میں پیش قدمی کی اجازت نہ دیتے تھے اور یہ فرمایا کرتے تھے کہ: «ھُوَ وَلَدِیْ وَ ھُمَا ابْنَا رَسُوْلِ اللہِ» : ’’یہ میرا بیٹا ہے اور وہ دونوں رسول ﷺ کے بیٹے ہیں‘‘، اور جب ایک خارجی نے ابن حنفیہ سے یہ کہا کہ: علیؑ تمہیں جنگ کے شعلوں میں دھکیل دیتے ہیں اور حسنؑ و حسینؑ کو بچالے جاتے ہیں تو آپ نے کہا کہ: «اَنَا یَمِیْنُہٗ وَ ھُمَا عَیْنَاہُ، فَھُوَ یَدْفَعُ عَنْ عَیْنَیْہِ بِیَمِیْنِہٖ» : ’’میں ان کا دست و بازو تھا اور وہ دونوں بمنزلہ آنکھوں کے تھے اور وہ ہاتھ سے آنکھوں کی حفاظت کیا کرتے تھے‘‘۔ [۴]

عبارت 11025

لیکن علامہ مامقانی نے تنقیح المقال میں لکھا ہے کہ:

عبارت 11026

یہ ابن حنیفہ کا جواب نہیں بلکہ خود امیر المومنین علیہ السلام کا ارشاد ہے کہ جب جنگِ صفین میں محمد نے شکوہ آمیز لہجے میں آپؑ سے اس کا ذکر کیا تو آپؑ نے فرمایا کہ: تو میرا ہاتھ ہے اور وہ میری آنکھیں ہیں، لہٰذا ہاتھ کو آنکھوں کی حفاظت کرنا چاہئے۔ [۵]

عبارت 11027

بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ پہلے امیر المومنین علیہ السلام نے محمد ابن حنفیہ کو یہ جواب دیا ہو گا اور بعد میں کسی نے محمد ابن حنفیہ سے اس چیز کا ذکر کیا ہو گا تو انہوں نے اس جواب کو پیش کر دیا ہو گا کہ اس سے زیادہ بلیغ جواب ہو نہیں سکتا اور اس جملہ کی بلاغت سے اس کی تائید ہوتی ہے کہ یہ پہلے علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی زبانِ بلاغت ترجمان ہی سے نکلا ہے کہ جسے بعد میں محمد ابن حنفیہ نے اپنا لیا ہے۔ اس لئے یہ دونوں روایتیں صحیح سمجھی جا سکتی ہیں اور ان میں کوئی منافات نہیں۔

عبارت 11028

بہر صورت آپ عہد ثانی میں پیدا ہوئے اور عبدالملک ابنِ مروان کے دورِ حکومت میں ۶۵ سال کی عمر میں انتقال فرمایا۔ سنہ وفات بعض نے ۸۰ ھ اور بعض نے ۸۱ ھ لکھا ہے اور محلِ وفات میں بھی اختلاف ہے۔ بعض نے ’’مدینہ‘‘، بعض نے ’’ایلہ‘‘ اور بعض نے ’’طائف‘‘ تحریر کیا ہے۔ ↑

عبارت 11029

۲؂ جب جنگِ جمل میں محمد ابن حنفیہ کو میدان کی طرف بھیجا تو ان سے فرمایا کہ: بیٹا کوهِ عزم و ثبات بن کر دشمن کے سامنے اس طرح جم جاؤ کہ تمہیں فوج کے ریلے جنبش نہ دے سکیں اور دانت پیس کر دشمن پر حملہ کرو، کیونکہ دانت پر دانت جما لینے سے سر کے اعصاب میں تناؤ پیدا ہو جاتا ہے جس سے تلوار کا وار اُچٹ جاتا ہے۔ جیسا کہ دوسرے مقام پر فرمایا ہے:

عبارت 11030

وَ عَضُّوْا عَلَى النَّوَاجِذِ، فَاِنَّهٗ اَنْۢبٰى لِلسُّيُوْفِ عَنِ الْهَامِ.

عبارت 11031

دانتوں کو بھنچ لو کہ اس سے تلوار کی دھار سر سے اچٹ جاتی ہے۔ [۶]

عبارت 11032

پھر فرماتے ہیں کہ: بیٹا اپنا سر اللہ کو عاریت دے دو، تا کہ اس حیاتِ فانی کے بدلے حیاتِ باقی حاصل کر سکو۔ کیونکہ عاریت دی ہوئی چیز کے واپس لینے کا حق ہوتا ہے، لہٰذا جان سے بے نیاز ہو کر لڑو۔ اور یوں بھی اگر خیال جان میں اٹکا رہے گا تو مہلکوں میں قدم رکھنے سے ہچکچاؤ گے جس سے تمہاری شجاعت پر حرف آئے گا اور دیکھو اپنے قدموں کو ڈگمگانے نہ دو، کیونکہ قدموں کی لغزش سے دشمن کی ہمت بڑھ جایا کرتی ہے اور اکھڑے ہوئے قدم حریف کے قدم جما دیا کرتے ہیں اور آخری صفوں کو اپنا مطمح نظر بناؤ تا کہ دشمن تمہارے عزم کی بلندیوں سے مرعوب ہو جائیں اور ان کی صفوں کو چیر کر نکل جانے میں تمہیں آسانی ہو اور ان کی نقل و حرکت بھی تم سے مخفی نہ رہے اور دیکھو ان کی کثرت کو نگاہ میں نہ لانا ورنہ حوصلہ پست اور ہمت ٹوٹ جائے گی۔ اس جملہ کے یہ معنی بھی ہو سکتے ہیں کہ: اس طرح آنکھیں پھاڑ کر نہ دیکھنا کہ ہتھیاروں کی چمک دمک نگاہوں میں خیرگی پیدا کر دے اور دشمن اس سے فائدہ اٹھا کر وار کر بیٹھے۔ اور اس چیز کو ہمیشہ پیش نظر رکھو کہ فتح و کامرانی اللہ کی طرف سے ہوتی ہے۔ ﴿اِنْ يَّنْصُرْكُمُ اللّٰهُ فَلَا غَالِبَ لَـكُمْ‌ۚ﴾ [۷] : ’’اگر اللہ نے تمہاری مدد کی تو پھر کوئی تم پر غالب نہیں آ سکتا‘‘۔لہٰذا مادی اسباب پر بھروسا کرنے کے بجائے اس کی تائید و نصرت کا سہارا ڈھونڈو۔ ↑

عبارت 11033

[۱]۔ الاستیعاب فی معرفۃ الاصحاب، ابن عبد البر، ج۳، ص ۱۳۷۱-۱۳۷۲ مطبوعہ دار الجیل، بیروت، ۱۹۹۲ء ، طبعہ الاولیٰ۔ [۲]۔ الاستیعاب فی معرفۃ الاصحاب، ج ۳، ص ۱۳۶۶۔ [۳]۔ تنقیح المقال، علامہ مقامانی، ج ۳، ص ۱۱۲۔ [۴]۔ کشکول شیخ بہائی، ج ۳، ص ۹۲۔ [۵]۔ تنقیح المقال، ج ۳، ص ۱۱۲۔ [۶]۔ نہج البلاغہ، خطبہ ۶۴۔ [۷]۔ سورۂ آل عمران، آیت ۱۶۰۔